لاہور(نامہ نگار)سماجی و سیاسی شخصیت مریم ممدوٹ نے اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے گھر سے ایک کروڑ روپے مالیت کے سامان چوری کے تھانہ ریس کورس میں دو مقدمات درج کرانے کے باوجود پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے جبکہ با اثر ملزمان نے مقدمہ کی پیروی کرنے پر مجھے جان سے مار دینے کی دھمکیاں دینا شروع کردی ہیں۔مدعیہ مقدمہ مریم ممدوٹ نے اعلیٰ سرکاری و پولیس حکام سے ملزمان کی فوری گرفتاری،مسروقہ سامان کی برآمدگی اور جان و مال کے تحفظ کی اپیل کی ہے۔ریس کورس تھانے میں درج دو ایف آئی آرز کے مطابق حبیب اللہ روڈ ڈیوس روڈ کی رہائشی مریم ممدوٹ اہلخانہ کے ہمراہ بیرون ملک گئی ہوئی تھیں تو ملزمان نے گھر سے قیمتی اشیاء جن میں وڈ فلورنگ کا قیمتی سامان سرفہرست ہے کمروں کے تالے توڑ کر چرا لیا۔سامان کی مالیت تقریبا ایک کروڑ روپے بنتی ہے۔مریم ممدوٹ کا کہنا ہے کہ مذکورہ وارداتوں میں ملزمان مقدمے کی پیروی کرنے پر سنگین نتائج اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ملزمان اس کی جائیداد بھی ہڑپ کرنا چاہتے ہیں۔اگر ان کو یا ان کے اہلخانہ میں سے کسی کو جانی و مالی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری ملزمان پر ہوگی۔