دو لاپتہ بھائیوں کا اغوا، متفرق درخواست پر نوٹس جاری، جواب طلب

اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس کی عدالت نے وفاقی دارالحکومت سے دو لاپتہ بھائیوں کے اغوا کی درج ایف آئی آر کے حصول کی متفرق درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔گذشتہ روز لاپتہ بھائیوں کی والدہ کی جانب سے دائر متفرق درخواست کی سماعت کے دوران وکیل ایمان مزاری نے استدعا کی کہ عدالت حکم دے کہ ہمیں ایف آئی آر کی کاپی فراہم کر دی جائے،جسٹس انعام امین منہاس نے کہاکہ میں نوٹس جاری کر کے مرکزی کیس کے ساتھ سماعت رکھ دیتا ہوں، جس پر ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے کہاکہ ایف آئی آر کی کاپی تو پولیس کو فراہم کر دینی چاہیے، عدالت آرڈر جاری کرے، جسٹس انعام امین منہاس نے کہاکہ یہ متفرق درخواست ہے، میں نوٹس جاری کر رہا ہوں، ایف آئی آر مل جائے گی،ایف آئی آر لینے کے اور بھی طریقے ہیں، آئندہ سماعت مرکزی کیس کے ساتھ ہو گی،ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے کہاکہ اگلی تاریخ بہت لمبی ہے، عدالت اگر آرڈر جاری کر دے تو بہتر ہو گا،جسٹس انعام امین منہاس نے کہاکہ ایف آئی آر حاصل کرنے کیلئے پراسیکیوشن برانچ میں بھی درخواست دیں، وکیل نے کہاکہ ہمیں بتایا گیا کہ ایف آئی آر سِیل کر دی گئی ہے، سِیل کیسے کی جا سکتی ہے، جسٹس انعام امین منہاس نے کہاکہ یہ تو ابھی زبانی بات ہے، آپ تحریری طور پر درخواست دے دیں،عدالت نے اسلام آباد پولیس کو نوٹس جاری کر کے سماعت 28 اپریل تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر دی نیشن