سری نگر (این این آئی) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی گرتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا ہے بھارت اور مقبوضہ علاقے کی جیلوں میں جھوٹے مقدمات میںبرسہا برس سے غیر قانونی طور پر بند حریت رہنما اور کارکن شدید علیل ہیں ، نظر بند رہنمائوں ، کارکنوں کو طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے اور انکی غیر قانونی نظر بندی کو طول دینے کیلئے انہیں عدالتوں میں پیش نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں نظر بندی کی حالت زار کا نوٹس لیکر انکی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ بھارت خوف و ہراس اورجبر کی پالیسی کے ذریعے کشمیریو ں کو ہرگز مرعوب نہیں کرسکتا ، خطے میں پائیدار امن وترقی کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ، بھارت ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل سے اس مسئلے کو زیا دہ دیر تک التوا کا شکار نہیں کرسکتا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی سربراہی میں قائم’’ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی‘‘ (ڈی ایف پی )نے شنگھائی تعاون تنظیم( ایس سی او) کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس یہ غیر معمولی اجلاس علاقائی امن، ترقی اور تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان اتحادو تعاون کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہو گا۔ ڈی ایف پی کے ترجمان نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بھارتی حکومت ہٹ دھرمی کی روایتی پالیسی ترک کرے، زمینی حقائق تسلیم کرے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کے ساتھ مذاکراتی عمل شروع کرے۔ دوسری جانب بھارتی فورسز نے ضلع پونچھ میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے ضلع کے گاؤں موہری شاہ ستار میں تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے۔