لاہور(نامہ نگار)لاہور پولیس نے رواں سال جواریوں کیخلاف کارروائیوں میں 1518ملزمان کوگرفتارکر کے مختلف تھانوں میں 383 مقدمات کا اندرج کیا ہے۔ مختلف کارروائیوں میں گرفتار ملزمان سے80لاکھ 86ہزار روپے سے زائد رقم برآمدکی گئی ہے۔سی سی پی اوبلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ جوئے کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔سی سی پی او لاہور نے کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جوئے کے اڈے چلانے والے بااثر افرادکے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ آن لائن جوئے میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے۔آن لائن جوئے کی روک تھام کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھر پور مدد لی جائے۔جوئے کی ترغیب دینے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی نظر رکھی جائے۔ ملوث سماج دشمن عناصرکو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔