اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی سے امریکہ میں نامزد سفیر سردار مسعود خان نے وزارت ریلوے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے مسعود خان کو بطور سفیر نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ نامزد سفیر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نامزد سفیر دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی تعلقات اور ریلوے تعاون کو بڑھانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔