تیز گام کی ڈائننگ کار میں ڈانس، وفاقی وزیر ریلوے کا نوٹس


 لاہور،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر ریلوے نے تیزگام کی ڈائننگ کار میں ڈانس کے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا، ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ ترجمان ریلوے کے مطابق ٹرین کی کمرشل مینجمنٹ پرائیویٹ آپریٹر کے پاس ہے جس کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ مناسب جواب اور وضاحت نہ دینے پر آپریٹر کا لائسنس کینسل کر دیا جائےگا۔ اور اس کےخلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائےگی۔ اسی طرح ریلوے انتظامیہ کی مدعیت میں واقعے کے ذمہ داران کےخلاف متعلقہ تھانہ میں رپٹ بھی درج کرا دی گئی ہے۔ترجمان ریلوے کے مطابق یہ واقعہ 14 اگست کی شب ڈائننگ کار میں ہوا جہاں مسافر موجود نہیں ہوتے۔ اس ضمن میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے کی ہدایات پر انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث کسی ملازم کا تعلق پاکستان ریلویز سے نہیں ہے۔ ڈائننگ کار میں موجود عملہ پرائیویٹ آپریٹر کی طرف سے بھرتی کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن