قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ یہی کوشش کرتے ہیں کہ خوش رہیں اور امید رکھتے ہیں کہ شادی کے بعد بھی خوشی کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پاکستان سپر لیگ سیزن دس میں نمائندگی کرنے والے نسیم شاہ نے ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم والی ڈرائیو انہیں بہت پسند ہے اور وہ اشتہارات میں زیادہ آنے کے حوالے سے کسی کو جوابدہ نہیں نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں زندگی کو انجوائے کرنے کا خوب انداز آتا ہے اور اگر کوئی جاننا چاہے تو شاداب خان سے پوچھ سکتا ہے ان کا کہنا تھا کہ انسان کو ہمیشہ سیکھنے کی کوشش کرنی چاہیے اور بطور کھلاڑی میدان میں جارحانہ انداز اختیار کرنا ضروری ہے تاکہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا جا سکے فاسٹ بولر نے سابق کرکٹرز کی جانب سے نجی زندگی پر تنقید کیے جانے پر واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ مداح اگر ذاتی زندگی پر بات کریں تو قابل فہم ہے کیونکہ وہ صرف کرکٹ دیکھتے ہیں لیکن سابق کرکٹرز جنہوں نے دس سے پندرہ سال کرکٹ کھیلی ہو انہیں ذاتی معاملات پر تنقید سے گریز کرنا چاہیے ان کا کہنا تھا کہ اگر سابق کھلاڑی یہ بتائیں کہ اس پچ پر کیسے گیند بازی کی جانی چاہیے یا بولنگ میں بہتری کے مشورے دیں تو وہ نہ صرف دلچسپی سے سنیں گے بلکہ سیکھنے کی بھی کوشش کریں گے نسیم شاہ نے کہا کہ بعض لوگ اس بات پر تنقید کرتے ہیں کہ کھلاڑی نے کیسا بال بنایا یا شیو کی یا کوئی اشتہار کیا جو سراسر ذاتی زندگی سے متعلق باتیں ہیں اور انہیں اس میں تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں وہ سابق کرکٹرز کو لیجنڈ سمجھتے ہیں لیکن اگر وہ اسی انداز میں بات کریں گے تو کیا انہیں بھی نظرانداز کر دیا جائے ان کا کہنا تھا کہ اگر میچ میں کارکردگی بہتر نہ ہو تو مداحوں کی جانب سے تنقید سمجھ میں آتی ہے لیکن سابق کرکٹرز کی جانب سے اگر وہی باتیں ہوں جن کا کرکٹ سے کوئی تعلق نہ ہو تو وہ بات ناقابل فہم ہو جاتی ہے