لاہور(لیڈی رپورٹر )پنجاب یونیورسٹی فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اور کراپ ڈیفنڈرز لمیٹڈ کینیڈاکے درمیان زرعی تحقیق کو فروغ دینے کا معاہدہ طے پا گیا۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم حیدر، چیئر مین ڈیپارٹمنٹ آف اینٹامولوجی پروفیسر ڈاکٹر شہباز احمد، فوکل پرسن کراپ ڈیفنڈرز (کینیڈا) ڈاکٹر مجاہد منظور (اینٹامولوجسٹ)، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر یامینہ سلمان،جاوید انور (سی ڈی ایل فنانشل افیئرز) و دیگر نے شرکت کی۔ معاہدے کے مطابق، کراپ ڈیفنڈرز پنجاب یونیورسٹی فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز کے طلباء کو ان کی تحقیق کے انعقاد اور اشاعت میں معاونت کرے گی۔ کراپ ڈیفنڈرز کے پیشہ ور افراد متعلقہ ورکشاپس، قومی اور بین الاقوامی کانفرنسوں میں شرکت کریں گے ۔مستقبل کی تحقیق اور فنڈنگ کے دروازے کھلیں گے۔ اس اقدام کا مقصد پیشہ ورانہ ترقی کی حمایت کرنا، تعاون کو فروغ دینا اور تحقیق کے مواقعوں کو بڑھانا ہے۔