اسلام آباد+ کراچی (نمائندہ خصوصی+ کامرس رپورٹر) پاکستان نے مالیاتی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پہلا ملکی گرین سکوک بانڈ لانچ کر دیا، جس کا مقصد ماحولیاتی فلاح، پائیدار ترقی اور شریعہ کمپلائنس سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سٹاک ایکسچینج (PSX) کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا پاکستان کے مائیکرو اکنامک استحکام سے مطمئن ہے اور حالیہ دنوں واشنگٹن و لندن میں سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں اسی اعتماد کا ثبوت ہیں۔ بجٹ پر کام جاری ہے اور تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جا رہی ہے، جبکہ بجٹ تجاویز بھی موصول ہو رہی ہیں۔ ہمیں ملائیشیا کے ماڈل کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی پاکستان کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے۔ جس سے نمٹنے کے لیے گرین فنانسنگ کے مختلف ذرائع پر کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو میں بہتری آئی ہے اور ہمیں اب گلوبل گرین فنانسنگ کی طرف بڑھنا ہوگا۔ چیئرپرسن پاکستان سٹاک ایکسچینج ڈاکٹر شمشاد اختر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامک فنانس کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین سکوک بانڈ مکمل شریعہ کمپلائنس کے تحت جاری کیا گیا ہے اور یہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویلیو بیسڈ فنانسنگ اور غیر ملکی شراکت داری کے ذریعے انویسٹرز کے لیے یونیک مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات میں اصلاحات اور تمام شعبوں میں منصفانہ ٹیکسیشن کے عزم کا اعادہ کیا۔وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے آج وزارتِ خزانہ میں امریکن بزنس کونسل کے ایک وفد سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت اے بی سی کے صدر کامران عطا اللہ خان نے کی جبکہ اس میں پاکستان میں کام کرنے والی معروف امریکی کمپنیوں کے سینئر ایگزیکٹوز شامل تھے۔ وزارتِ خزانہ اور ایف بی آرکے سینئر افسر بھی اجلاس میں موجود تھے۔وفاقی وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں حالیہ دورے اور آئی ایم ایف کے اسپرنگ اجلاسوں میں شرکت سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا، جہاں انہوں نے اور انکی ٹیم نے یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے ساتھ مفید بات چیت کی۔