پی ٹی آئی کارکنوں کی مقدمات دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست مسترد

اسلام آباد (وقائع نگار) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصرجاوید رانا کی عدالت نے پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے 26 نومبر کو بغیر اجازت وفاقی دارالحکومت میں احتجاج سے متعلق دو کیسز دوسری عدالت کو منتقل کرنے کی درخواستیں مسترد کردی۔ عدالت نے جوڈیشل مجسٹریٹ احمدشہزاد کی عدالت میں زیرسماعت 2 مقدمات ٹرانسفر کرنے کی درخواست مسترد کرنے کا حکم سنا دیا اور فیصلہ میں کہاکہ مدعی مقدمہ کے مطابق متعلقہ جج مقدمات غیر ضروری‘ جلدبازی اور قانونی معاملات کا مشاہدہ کئے بغیر کیس چلا رہے ہیں، مدعی مقدمہ کے وکلاء اپنا الزام ثابت کرنے میں ناکام رہے۔ عدالت کے اندر اسلام آباد ہائیکورٹ کا خط بھی پیش کیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے متعلقہ دفعات کے تحت درج مقدمات کو فاسٹ ٹریک پر چلانے کی ڈائریکشن دے رکھی ہے۔ پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف 2 مقدمات پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آڈر ایکٹ کے تحت تھانہ رمنا میں درج ہیں۔ پی ٹی آئی کارکنان نے مقدمات ٹرانسفر کرنے کی درخواست دائر کی تھی، جوڈیشل مجسٹریٹ احمدشہزاد گوندل ہی اب متعلقہ مقدمات پر 19مئی کو سماعت کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن