لندن+ برسلز (عارف چودھری سے+ این این آئی) پاکستان ہاؤس لندن میں یوم تشکر کی تقریب میں ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے قومی پرچم بلند کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب میں کہا کہ پوری پاکستانی قوم کو اس تاریخی لمحے پر فخر ہے۔ قوم نے دنیا کو دکھا دیا کوئی طاقت، جارحیت اور اشتعال ہماری خودمختاری، غیر متزلزل قومی عزم کی بنیادوں کو کمزور نہیں کر سکتا۔ پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے انہوں نے کہا کہ بے مثال ہمت اور اعلیٰ لگن کے ساتھ افواج پاکستان نے سبز ہلالی پرچم کے وقار اور عزت کو برقرار رکھا۔ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے جائز حقِ خودارادیت کے لئے ان کی جدوجہد میں ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان ہمیشہ سے خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ مگر پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے سامنے پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں افواجِ پاکستان سے یکجہتی اور بھارت کی حالیہ جارحیت کے خلاف بھرپور آواز بلند کی گئی۔ مظاہرے میں مراکش، الجزائر، ترکیہ، تیونس سمیت کئی اسلامی ممالک کے نوجوانوں نے بھی شرکت کی اور پاکستان زندہ باد اور افواجِ پاکستان پائندہ باد کے نعرے لگائے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں حالیہ کامیاب آپریشنز پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ "25 کروڑ پاکستانی افواج کے ساتھ ہیں اور ہر قربانی کے لیے تیار ہیں۔" مقررین نے عالمی برادری اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور جنوبی ایشیا میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔