حکومت کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت اقدامات‘ چینی کی قیمت 165 تک گر گئی 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی حکومت کا چینی سٹہ مافیا اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت اقدامات کے مثبت نتائج آنا شروع  ہو گئے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات پر ایف آئی اے، آئی بی اور ایف بی آر کی جانب سے چینی سٹہ مافیا، ذخیرہ اندوزوں اور چینی کی قیمتوں اور دستیابی کو متاثر کرنے کیلئے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گیر کاروائیاں کیں گئیں۔ گرینڈ آپریشن کے نتیجے میں چینی کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی۔ اس ضمن میں پنجاب شوگر ملز ایسوسی ایشن کی طرف سے قیمتیں کم کرنے کی تحریری یقین دہانی منظر عام پر آ گئی۔ ملک کے مختلف حصوں میں چینی کی قیمت میں واضح کمی، پچھلے ہفتے چینی 180 روپے فی کلو فروخت ہوئی۔ کل سے چینی کا ریٹ 165 سے 170 کے درمیان آ گیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ کسی بھی قسم کے دباؤ کے آگے جھکنے کی بجائے سخت ترین اقدامات کئے جائیں۔ایف آئی اے، آئی بی اور ایف بی آر نے چینی کے جعلی خریداروں، بینک اکاؤنٹس اور فروخت کے ریکارڈ سے متعلق ڈیٹا حاصل کر کے کاروائی کی۔ ان عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی اور مجرمان کو اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ، اینٹی ذخیرہ اندوزی قوانین اور ٹیکس چوری کے خلاف قوانین کے تحت کٹہرے میں لایا جا رہا ہے۔ حکومت ذخیرہ شدہ چینی کی ضبطگی سے متعلق متعلقہ قوانین میں ترمیم پر غور کر رہی ہے جس کے بعد ذخیرہ شدہ چینی ضبط کر کے اوپن مارکیٹ میں فروخت کی جا سکے گی۔

ای پیپر دی نیشن