لاہور(نیوز رپورٹر)قومی احتساب بیورو(نیب) لاہور میں گزشتہ روز بھی ایڈن متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری رہا جہاں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور محمد احترام ڈار اور اہلیہ نے چیک وصولی کیلئے آنیوالے متاثرین کو چیئرمین نیب کی طرف سے گلدستے پیش کئے اور تقسیم کے تمام مراحل کی ازخود نگرانی کی اور عوام کی سہولیات کے پیش نظر موقع پر ہدایات بھی جاری کیں۔ چیئرمین نیب کی ہدایات پر ایڈن سکینڈل میں متاثرہ خواتین کی سہولت کیلئے نیب کی فیمیل آفیسرز بھی اتوار کو ڈیوٹی پر موجود رہیں۔ ڈی جی نیب لاہور اور اہلیہ نے نیب کی خواتین افسران کو چھٹی کے روز خدمات سرانجام دینے پر سراہا اور تعریف کی۔ ڈی جی نیب لاہور نے کہا نیب نے 3 ایام میں ایڈن سکینڈل کے سینکڑوں متاثرین کو کروڑوں روپے مالیت کے چیک حوالہ کئے ہیں۔ جبکہ تمام متاثرین کی سہولت کیلئے انہیں شٹل سروس کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ علاوہ ازیں ڈی جی نیب لاہور نے عید الفطر سے قبل ایک اور میگا سکینڈل میں اہم ریکوری اور متاثرین میں ڈوبی رقوم کی عید سے قبل ہی تقسیم کی خوشخبری بھی دی۔ متاثرین نے کہا نیب لاہور کی جانب سے اعلیٰ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جس پر چیئرمین اور ڈی جی نیب لاہور کے شکر گزار ہیں۔