اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے ملک کی معروف ترین کاروباری شخصیات اور ماہرین کے سوالوں کے جوابات خصوصی ٹرانسمیشن میں دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں گروتھ میں جاتے ہوئے احتیاط سے کام لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گروتھ کو روک کر استحکام کی طرف جانے کے نتائج معاشرے کیلئے ٹھیک نہیں ہوں گے، تاثر ہے کہ گروتھ کے فوائد عام آدمی تک نہیں پہنچ رہے، استحکام کی طرف جاتے ہوئے گروتھ کو نہیں روکنا ہے۔ ہمارے ٹیکسیشن سٹرکچر میں بہتری کی ضرورت ہے، ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ جن لوگوں کو ٹیکس ادا کرنا چاہیے وہ نہیں کر رہے، ہم نے ایف بی آر میں یہ صلاحیت پیدا نہیں کی کہ ان سے ٹیکس وصول کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم غلط سائیڈ پر جاچکے ہیں، ٹیکسوں میں کمی کرنی چاہیے، ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب بہتر کریں گے تو ٹیکس کی شرح میں کمی آئے گی، ہمیں ٹیکس بیس کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ جادو والی گروتھ پائیدار نہیں ہو گی۔ آئی ٹی اور کان کنی کے شعبوں میں تیز رفتار گروتھ کی کوشش کرنی ہے۔ ایسی بات نہیں کہ ہم فٹ فار گروتھ نہیں۔ پراپرٹی سیکٹر میں ایمنسٹی کی کوئی سکیم زیرغور نہیں۔