کاشتکاروں پر انکم ٹیکس‘قومی اسمبلی میں مسئلے کو اٹھائیں گے‘ اسد قیصر

 صوابی( نامہ نگار)   پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے کاشتکاروں پر مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے انکم ٹیکس کے نفاذ پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آئی ایم ایف کی ایما پر لگائے جانے والے ٹیکسز پر ہمیں سخت تحفظات ہیں۔اپنی رہائش گاہ پر کاشتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اگلے ہفتے وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے اس حوالے سے ملاقات کریں گے اور قومی اسمبلی میں بھی کاشتکاروں کے مسائل کو اجاگر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا وار زون ہے اور وار زون کی وجہ سے ہماری انڈسٹری تباہ اور معیشت بیٹھ چکی ہے ، روزگار کے انتہائی کم مواقع رہ گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے زمینداروں کا گزر بسر انتہائی مشکل سے ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسز ضرور لگنے چاہئیں لیکن سب سے پہلے بڑے لینڈ لارڈز اور جاگیرداروں پر عائد کیے جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ قومی اسمبلی میں اس مسئلے کو مثر انداز میں اٹھائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن