غزہ‘ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی فوج نے غزہ کے شہر رفح میں ڈرون نے حملہ کیا۔ 3 فلسطینی پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ حماس کے مطابق رفح میں امدادی ٹرکوں کے داخلے کیلئے پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ اسرائیلی حملہ جنگ بندی معاہدے کی سنگین خلاف وزری ہے۔ ثالث عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اسرائیل نے غزہ میں تیار گھروں کا داخلہ اور امداد بھی روک دی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حماس کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد اور ان کی جانب سے گیند اسرائیل کے کورٹ میں پھینکے جانے کے بعد اسرائیل نے فیصلہ کرنا تھا کہ تمام قیدیوں کی رہائی کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن کے حوالے سے اسے کیا کرنا ہے۔ یہ ڈیڈ لائن ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب رات بارہ بجے ختم ہوئی۔ اس حوالے سے تل ابیب نے ڈیڈ لائن ختم ہونے سے قبل غزہ معاہدے کے دوسرے مرحلے میں نئی شرائط عائد کرتے ہوئے اپنے ردعمل کا اظہار کردیا ہے۔ اسرائیل کی سیاسی سطح کے ذرائع نے غزہ معاہدے کے دوسرے مرحلے کے لیے نئی شرائط عائد کرنے کی بھی سفارش کی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ معاہدے کی ساتویں اور آٹھویں قسط کو ضم کرنے کے لیے دبائو ڈالنے کے لیے ایک اسرائیلی معاہدہ موجود ہے۔