اسلام آباد (جاوید صدیق) نگران حکومت نے مشترکہ مفادات کی کونسل کا اجلاس 19 اپریل کو طلب کر لیا ہے۔ وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور مشترکہ مفادات کونسل کے دوسرے ارکان شرکت کریں گے۔ نگران حکومت کی طرف سے کونسل کا اجلاس بلائے جانے پر بعض سیاسی اور قانونی حلقوں نے حیرت کا اظہار کیا ہے کہ نگران حکومت مشترکہ مفادات کے کونسل کے ذریعہ کون سے اہم معاملات طے کرنا چاہتی ہے۔ ان حلقوں کے مطابق دوررس نتائج کی حامل پالیسیوں کو اگلی منتخب حکومت پر چھوڑ دینا چاہئے۔