وزیراعظم کا برآمدات اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے درآمدی محصولات میں کمی فیصلہ

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ درآمدی محصولات میں کمی سے بین الاقوامی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ٹیرف پالیسی سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں برآمدات اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے درآمدی محصولات میں نمایاں کمی کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعظم نے تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے درآمدی محصولات میں بتدریج مگر نمایاں کمی کی منظوری دے دی ہے۔اس فیصلے سے نہ صرف بے روزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ مہنگائی کی شرح کو بھی قابو میں رکھا جا سکے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت مضبوط معیشت کے حصول، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور مہنگائی کے دیرپا اور مکمل خاتمے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔انہوں نے کہاکہ ملکی و غیر ملکی ماہرین معیشت سے سیر حاصل مشاورت کے بعد بنیادی معاشی اصلاحات کے لیے ایک جامع منصوبہ تشکیل دیا جا چکا ہے۔وزیراعظم نے درآمدی محصولات میں کمی کے اقدام کو معاشی بہتری کے حصول کی جانب اہم سنگِ میل قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ اقدام سے برآمدات پر مبنی ترقی ممکن ہوگی، درآمدی محصولات میں کمی سے بین الاقوامی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت تعلیم یافتہ نوجوانوں کو باعزت روزگار مہیا کرنے کے لیے کوشاں ہے،وزیراعظم نے اضافی کسٹمز اور ریگولیٹری ڈیوٹی کو 4 سے 5 سال میں مکمل ختم کرنے کی ہدایت دی، وزیراعظم نے کسٹمز ڈیوٹی کو زیادہ سے زیادہ 15 فیصد تک محدود کرنے کے حق میں فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ ملک کی معاشی بہتری اولین ترجیح ہے، اجلاس میں انہوں نے ایک عملدرآمد کمیٹی بھی تشکیل دی۔

ای پیپر دی نیشن