ڈپٹی کمشنر قصور کا دریائے ستلج پر حفاظتی بند کا دورہ ‘ انتظامات کا جائزہ لیا

قصور (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر عمران علی نے دریائے ستلج پر حفاظتی بند کا دورہ کر کے ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کے انتظامات کا جائزہ لیا، ڈپٹی کمشنر عمران علی نے پری فلڈ انتظامات کے سلسلے میں دریائے ستلج پر قائم حفاظتی بند کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر قصور، ریٹائرڈ لیفٹیننٹ اسفندیار ولی خان ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سعد بن شبیر ودیگر متعلقہ افسروں کے علاوہ محکمہ انہار، محکمہ سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ایکسین محکمہ انہار شعبان نبی نے دریائے ستلج میں فلڈ حفاظتی بندوں،سیلاب سے بچاؤ کے انتظامات اور آئندہ کی حکمت عملی بارے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر عمران علی نے تمام اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر قصورنے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور کرایوں میں اوور چارجنگ کی روک تھام کے لیے شہر کا دورہ کیا۔خلاف ورزی پر 2 گاڑیوں کو جرمانہ کیا گیا ۔

ای پیپر دی نیشن