گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث5 ایجنٹوں کو گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے گوجرانوالہ، اسلام آباد اور گجرات میں کا رروائیاں کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث 5 ایجنٹوں رئوف، طارق مسیح، ستونی مسیح، محمد نعیم اور کرسٹوفر آصف کو گرفتار کر لیا۔ ملزم شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیکر لاکھوں روپے ہتھیانے میں ملوث پائے گئے۔ ملزم رئوف، طارق مسیح اور ستونی مسیح کو محلہ ٹائون آبادی سے گرفتار کیا گیا، ملزموں نے شہری کو اٹلی ملازمت دلوانے کی غرض سے 17 لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے ،گوجرانوالہ پسرور روڈ سے ملزم نعیم کو گرفتار کیا گیا۔ اس نے شہری کو اٹلی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 17لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے۔ کرسچن کالونی اسلام آباد سے ملزم کرسٹوفر آصف کو گرفتار کیا گیا جس نے شہریوں کو سعودی عرب ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 18لاکھ 60ہزار روپے ہتھیائے۔ ملزم نے شہریوں کو جعلی ویزے اور جعلی ٹکٹس فراہم کیے، ملزم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے جو بعد ازاں بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گئے تھے، تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔