گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) اینٹی کرپشن نے سالانہ امتحانات میں آنسر شیٹس غائب کرنے سمیت دیگر الزامات میں گریڈ 18 کے اسسٹنٹ پروفیسر سمیت پانچ سرکاری ملازموں کو گرفتار کر لیا، یہ کارروائی ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی زیر نگرانی اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ڈویژن امجد شہزاد کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ گریڈ18 کے اسسٹنٹ پروفیسر قیصر عباس اور گریڈ15 کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ای ایس ٹی ایجوکیشن محمد عارف پر الزام ہے کہ انہوں نے سالانہ امتحانات کے دوران نو آنسر شیٹس غائب کی تھیں تاہم دوران انکوائری دو شیٹس برآمد کر لی گئیں۔ دوسری کارروائی میں سرکل آفیسر اینٹی کرپشن گجرات محمد افضل گجر نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرکے سیکرٹری یونین کونسل نارووال رفاقت علی کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضہ سے رشوت میں لی گئی۔25 ہزار روپے رقم بھی برآمد کر لی ہے، اسی طرح انہوں نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ کے فوٹو کاپی مشین مین محمد سرفراز اور محکمہ ہیلتھ نارووال میں تعینات کمپیوٹر آپریٹر محمد ناصر اور سینیئر کلرک محمد سلیمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ رانا شبیر اشرف نے بتایا کہ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے کلاس فور میں بھرتی کے لیے مدعی سے3 لاکھ روپے رشوت وصول کی تھی۔