ا سلام آباد(خبرنگار+خصو صی ر پور ٹ)اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں جنوبی ایشیا علاقائی تعاون کے عنوان سے بین الاقوامی کانفرنس اسلام آباد میں شروع ہو گئی ۔ تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں جنوبی ایشیائی خطے کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کے اعلی تعلیمی رہنما، مضامین کے ماہرین اور پالیسی ساز بھی شرکت کریں گے۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے۔اس کانفرنس میں جنوبی ایشیا کے ممالک جیسے نیپال، مالدیپ، بھوٹان، سری لنکا، بنگلہ دیش اور پاکستان کے نمائندے شریک ہیں جس کا انعقاد ایچ ای سی نے اپنے ورلڈ بینک فنڈڈ پروجیکٹ "پاکستان میں اعلی تعلیم کی ترقی کے تحت کیا ہے،مقصد سرحد پار پارٹنرشپ کو فروغ دینا، علاقائی نیٹ ورکس کو مضبوط بنانا اور پورے جنوبی ایشیا میں اعلی تعلیم میں پائیدار بہتری کی بنیاد ڈالنا ہے، پہلے دن کا اختتام غیر ملکی مندوبین کے اسلام آباد کی مختلف یونیورسٹیوں کا دورہ کرنے کے ساتھ ہوا ۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک کے مابین تعاون صرف ایک موقع نہیں بلکہ ایک ضرورت ہے۔ افتتاحی کلمات میں ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے بین الاقوامی مندوبین کو خوش آمدید کہا۔