اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) قومی احتساب بیورو نے وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ای 11 میں زمین کی مبینہ خورد برد اور غیر قانونی الاٹمنٹ پر9 ملزموں کے خلاف ریفرنس سماعت کیلئے احتساب عدالت میں دائر کر دیا۔ ملزمان کی فہرست میں متعلقہ پٹواری، سی ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر لینڈ سی ڈی اے خالد محمود، شائستہ سہیل، راجہ زاہد حسین اور سید غلام حسام الدین، سید غلام نجم الدین گیلانی، سید غلام شمس الدین گیلانی، سید غلام نظام الدین گیلانی، سید غلام محی الدین گیلانی شامل ہیں،8 صفحات پر مشتمل ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ اتھارٹی نے ایک سورس رپورٹ کی بنیاد پر غیر قانونی الاٹمنٹ کا نوٹس لیا۔ رپورٹ میں سید غلام حسن الدین اور دیگر افراد کو سیکٹر ای الیون میں سرکاری زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا مرتکب قرار دیا گیا۔ انکوائری20 اپریل2016 ء کو منظور کی گئی، انکوائری کو8 جون 2018 ء کو باقاعدہ تفتیش میں تبدیل کر دیا گیا، سی ڈی اے کے سابق افسروں نے غیرقانونی طور پر ملزموں کو سرکاری زمین الاٹ کی، اس کے بدلے فوائد حاصل کئے۔ دوران تفتیش21 فروری 2024 ء کو غلام حسام الدین اور دیگر تین پرائیوٹ خواتین نے پلی بار گین کے لیے درخواست دی۔ اس سے بھی ملزموں کا قصور ثابت ہوتا ہے استدعا کی گئی ہے کہ ملزموں کا ٹرائل کر کے سزا دی جائے۔ رجسٹرار آفس نے غیر قانونی زمین الاٹمنٹ ریفرنس کی سکروٹنی شروع کر دی۔ سکروٹنی کے بعد سماعت کیلئے عدالت میں بھیجا جائے گا۔