لاہور ( خصوصی نامہ نگار) اللہ والے ٹرسٹ کے زیر اہتمام زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے مستحق طلبہ کیلئے سکالرشپ پروگرام کے انٹرویوز میں 109 طلبہ کو منتخب کیا گیا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر خالد منظور بٹ، ڈائریکٹر اسکالرشپ پروگرام؛ ڈاکٹر شازیہ لون، سیکرٹری فنانس؛ ڈاکٹر عاصم فاروقی؛ قاضی محمد علی، نمائندہ پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن؛ اور ماجد مصطفی خان ڈائریکٹر پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن موجود تھے ۔ چیئرمین اللہ والے ٹرسٹ شاہد لون بھی انتخابی عمل میں شریک تھے۔منتخب طلبہ کی یونیورسٹی اور ہاسٹل فیس کیلئے مجموعی طور پر 56 لاکھ 31 ہزار روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ ڈے سکالرز کو ماہانہ 7 ہزار‘ ہاسٹل میں رہائش پذیر طلبہ کو 4 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائیگا اور4ماہ کے وظائف کی مد میں 25 لاکھ 96 ہزار روپے مختص کیے گئے۔ مزید 38 طلبہ کے کھانے کے اخراجات کیلئے 4 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس طرح کل 84 لاکھ 27 ہزار روپے کی خطیر رقم 109 طلبہ کی امداد کے لیے منظور کی گئی ہے۔