لاہور(کامرس رپورٹر)حکومت کی جانب سے تجارت کی ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو تیز کرنے کے تحت نجی شعبے اور ریگولیٹری اداروں کو اس عمل میں بھرپور شرکت کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ حکومت کا مقصد کاغذ کے بغیر اور مکمل خودکار سرحد پار تجارتی نظام قائم کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آفتاب حیدر نے گیلیکسی فائی کے سی ای او آصف پرویز کی سربراہی میں آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات کے دوران پی ایس ڈبلیو کے سربراہ کو گلیکسی فائی کے بارے میں بریفنگ دی گئی جو دیگر روایتی کمپنیوں کے برعکس ایک جدید ڈیجیٹل تجارتی حل فراہم کرنے والا ادارہ ہے۔ اس کا مقصد سرحد پار تجارت کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے، جو ریئل ٹائم سلوشنز فراہم کر کے تجارت کے عمل کو تیز، شفاف اور قابل اعتماد بنائے گا۔میٹنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ گلیکسی فائی ریئل ٹائم ٹریکنگ، خودکار دستاویزات اور مؤثر لاجسٹکس کے ذریعے ملکی سرحد پار تجارت میں انقلاب برپا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔