تھر: مزید 4بچے جاں بحق، صورتحال اتنی خراب نہیں جتنی دکھائی جا رہی ہے: تاج حیدر

مٹھی+ کراچی (نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر) تھر میں مختلف امراض کی وجہ سے کمسن بچوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، ہفتے کو مزید چار کمسن بچے دم توڑ گئے۔ ان میں کویتا، قاسم سومرو کا نومولود اور شنکر کا بھی نومولود بچہ سول ہسپتال مٹھی میں جبکہ تحصیل ہسپتال اسلام کوٹ میں بھوکا پانچ ماہ کا بچہ بھی چل بسا۔ اس طرح جنوری سے لیکر اب تک ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 152ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے قائم کردہ تھر ریلیف کمیٹی کے سربراہ سینیٹر تاج حیدر نے کہا ہے کہ تھرمیں صورتحال اتنی خراب نہیں ہے جتنی دکھائی جارہی ہے۔حکومت سندھ کی مکمل توجہ تھر کی جانب مرکوز ہے، تھر میں پانی کی کمی نہیں ہے۔ زیر زمین 1.5 بلین پانی کا ذخیرہ موجود ہے۔ اس کھارے پانی کو میٹھا کرنے کیلئے 437 آر او پلانٹس قائم کررہے ہیں اور آئندہ چند ماہ میں انکی تعداد 700 تک پہنچادی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بیوروکریسی تھر کے منصوبوں میں رکاوٹ ڈالتی ہے جس کیلئے وزیراعلیٰ سندھ سے بات کی ہے، یہ مسئلہ بھی جلد حل کرلیا جائیگا۔

ای پیپر دی نیشن