اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ خواجہ آصف اور طلال چودھری کی پریس کانفرنس سے واضح ہو گیا ہے کہ انہیں 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کا علم ہے۔ حکومتی نمائندوں کو القادر ٹرسٹ کے فیصلے کا پہلے سے معلوم ہے۔ یہ بات بھی واضح ہوگئی کہ فیصلہ کہاں لکھا گیا ہے۔ پوری دنیا کو القادر ٹرسٹ کیس کا پتا ہے یہ ایک ادارہ ہے۔ یہ ادارہ منافع بخش نہیں اور نہ اس سے بانی پی ٹی آئی کو کوئی فائدہ ملا۔ کیس میں شفاف ٹرائل نہیں ہوا نہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد ملے یہ سراسر ایک سیاسی انتظامی کارروائی کا کیس ہے۔ سپریم کورٹ کو متنازع بنا کر من پسند فیصلے لیں گے تو انصاف کی توقع نہیں رکھنی چاہئے۔