لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہائوس لاہور کے سامنے احتجاج کرنے والے سی ایس ایس امتحان دینے والے طلبہ و طالبات کو گورنر ہائوس بلایا اور ان کی بات سنی۔ ملاقات کے دوران طلبہ نے سی ایس ایس امتحان 2024ء کے نتیجے کے اعلان سے پہلے سی ایس ایس 2025ء کے انعقاد پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ سی ایس ایس کرنے والے نوجوانوں کا ملکی تعمیر وترقی میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے تحفظات کو صدر پاکستان آصف علی زرداری تک پہنچائوں گا، ان کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ طلبہ و طالبات ہمارا حقیقی سرمایہ ہیں اور پاکستان کا مستقبل ہیں۔ طلبہ کسی کے انتشار اور ملک دشمن ایجنڈے کا حصہ نہ بنیں۔ طلبہ نے کہا کہ فیڈرل پبلک سروس کمشن کے اس اقدام سے ہزاروں طلبہ کا مستقبل دائو پر لگ گیا۔