لاہور(کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک ایکسچینج اور لاہور چیمبر آف کامرس میں آگاہی سیشن منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر صدر لاہور چیمبر آف کامرس کاشف انور‘ڈائریکٹر پاکستان سٹاک ایکسچینج احمد چنائے، سی ای او فرخ خان، جی ایم رائیدہ لطیف اور جاوید قریشی نے بھی خطاب کیا۔ کاشف انور نے کہا آگاہی سیشن کا مقصد لاہور چیمبرکے ممبران کو سٹاک ایکسچینج سے متعلق آگاہ اور اسکے ساتھ منسلک ہونے کی ترغیب دینا ہے۔ اس آگاہی سیشن کے ذریعے سرمائے اور لیکویڈیٹی کے مسائل کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ ایس ایم ایز سٹاک ایکسچینج کا حصہ بن سکتی ہیں جس سے انہیں بہت فائدہ ہوگا۔ ڈائریکٹر پاکستان اسٹاک ایکسچینج احمد چنائے نے کہا لوگوں کو سٹاک ایکسچینج کے اقدامات اور ڈور ٹو ڈور مہم کے فوائد سے آگاہ کیا جا رہا ہے‘ سٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ، سرمایہ کاری اور دیگر معاملات سے متعلق آگاہی دی جارہی ہے۔اب کمپنی صرف 29دن میں اینلسٹمنٹ سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتی ہے۔ لسٹڈ کمپنیاں مارکیٹ ویلیو پر لوگوں کو شیئر ہولڈر بناتی ہیں‘ ہماری مقامی کمپنیاں بھی لسٹڈ ہونے سے ایلیٹ کمپنیوں کا درجہ حاصل کر لیں گی۔اس موقع پر پاکستان سٹاک ایکسچینج کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی پریزنٹیشن بھی دی گئی۔