سرینگر(آئی این پی )جموں وکشمیرماس موومنٹ نے پاکستان بھارت جنگ بندی اور مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرنے سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک دونوں جوہری ممالک میں ایٹمی جنگ کا خطرہ ٹل نہیں سکتا ، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم اور بھارتی جارحیت کا فوری اور موثر جواب دینے پرپاک فوج اور حکومت پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ترجمان ماس موومنٹ معراج الدین نے جاری بیان میں کہا کہ بھارت کی مودی سرکار نے پہلگام واقعے کی آڑ میں پاکستان اور کشمیریوں کے خلاف جارجیت کی جس کا پاکستان نے آپریشن بنیان المرصوص کے ذریعے موثر،بروقت اور منہ توڑ جواب دیا اوراس میں پاکستان نے ہر محاذ پر برتری ثابت کی جس کا پوری دنیا نے اعتراف کیا،کشمیری عوام اس کامیابی پر اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں جس نے پاکستان کو سرخرو فرمایا۔بھارتی جارحیت کے باوجود پاکستان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مکمل تیاری کے ساتھ اپنے دفاع کو یقینی بنایا،ترجمان نے کہاکہ پوری کشمیری عوام بھارتی جارحیت کا فوری اور موثر جواب دینے پرحکومت پاکستان خاص کرپاک فوج کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی مسلح افواج نے جس پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور جذبہ حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپریشن ''بنیان مرصوص'' کو کامیابی سے ہمکنار کیا، وہ قابل تحسین ہے۔پاک فوج خاص کر پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں نے دشمن کی جارحیت کو نہ صرف ناکام بنایا بلکہ پوری دنیا میں اپنی بے مثال طاقت اور صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور بھارت جیسے مکار دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا ،پاکستان کے منہ توڑ جواب سے بھارت جنگ بندی پر مجبور ہوا ۔ترجمان نے پاکستان اوربھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ تنازعات کو حل کرنے کا واحد راستہ مذاکرات ہی ہیں۔