پائیدار امن خوشحالی کی بنیاد ،دونوں ممالک کو تعاون کو ترجیح دینا ہو گی:افتخار علی  

لاہور(کامرس رپورٹر)سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے پاک بھارت جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا اس سے خطے میں ترقی، تعاون اور استحکام کو فروغ حاصل ہو گا۔ جنگ بندی جوہری ہتھیاروں سے لیس پڑوسی ممالک کے درمیان اعتماد کی بحالی کا ایک اہم موقع ہے۔ پائیدار امن خوشحالی کی بنیاد ہے، اس لیے دونوں ممالک کو بات چیت اور تعاون کو ترجیح دینا ہو گی۔ کئی دہائیوں سے جاری عدم استحکام جنوبی ایشیا کی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹ ہے۔ پرامن ماحول ہی عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرتا ہے۔ انہوں نے امن کو فروغ دیتے ہوئے خطے کی 1.9 بلین آبادی کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ افتخار علی ملک نے اس امید کا اظہار کیا کہ جنگ بندی سے کثیرالجہتی تعاون بحال ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن