لاہور(نیوز رپورٹر) پنجاب میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 16 دسمبر سے ہو گا۔لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد میں انسداد پولیو مہم 22 دسمبر تک جاری رہے گی،دیگر 33 اضلاع میں مہم 20 دسمبر تک جاری رہے گی۔ 2کروڑ 33لاکھ بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقررکردیاگیا۔ انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا پولیو کا خاتمہ قومی ایجنڈا، تمام صوبوں کو ملکر کام کرنا ہوگا۔صوبائی وزیرصحت خواجہ عمران نذیرنے کہاپولیو پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کوششوں کا تسلسل ضروری ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے جناح ہسپتال لاہور کا دورہ کیا۔سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سید واجد علی شاہ، چیئرمین بی او ڈی پی آئی سی ڈاکٹر فرقد عالمگیر، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر اصغر نقی اور ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر کاشف جہانگیر بھی ہمراہ تھے۔ خواجہ سلمان رفیق نے جناح ہسپتال لاہور میں انجیو گرافی، کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ، کیتھ لیبز و دیگر شعبہ جات کا دورہ کرکے طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی مانیٹرنگ اتھارٹی کا 33 واں اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ 30 ویں، 31 ویں اور 32 ویں اجلاس کے منٹس کی منظوری دیدی گئی ۔