پہلا میزائل فائر کرنے والے میجر فرحت نواز  ،اہلیان واہ کینٹ کے سر فخر سے بلند

 واہ کینٹ(امجد شیخ،نمائندہ نوائے وقت)افواجِ پاکستان نے صبحِ صادق کے وقت، رسول اکرم ؐ  کی سنت کے مطابق، دشمن پر مؤثر اور ہم آہنگ حملہ کیا جس نے بھارت کی جنگی صلاحیتوں کو لرزا دیا اور اس کے 25 سے زائد فوجی اہداف کو نشانہ بنا کر دشمن کو باور کرا دیا کہ ہم نہ صرف جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں بلکہ نظریاتی اساس کے امین بھی ہیں۔ آپریشن "بنیان مرصوص " کے آغاز میں اللہ اکبر کہہ کر جو پہلا میزائل فائر کیا گیا یہ پہلا میزائل فائر کرنے کا اعزاز افواج  پاکستان کے مایہ ناز اور بہادر آفیسر میجر فرحت نواز کے حصے میں آیا،جن کا تعلق واہ کینٹ کے نواحی علاقے لوسرشرفو سے ہے۔ان کے والد ملک سعید نواز جو معروف سیاسی،کار وبار ی ،سماجی فرد ہونے کے ساتھ ایک انتہائی نفیس اور خو بصورت شخصیت کے مالک ہیں۔جب سیخبر سامنے آئی ہے کہ ان کے صاحب زادے نے پہلا فائر کر کے آپریشن کا آغاز کیا ہے۔ یہ خبر سماعت کرتے ہی واہ کینٹ کے رہائشیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ، بل کہ وہ اس اعزاز کو واہ کینٹ کے لئے فخر کا باعث جان رہے ہیں۔اس خبر کے وائرل ہوتے ہی اہل علاقہ کی بڑی تعداد ملک سعید نواز کے ڈیرے پر پہنچ کر مبارک باد دیتی رہی۔اس موقع پر ملک سعید نواز نے "نوائے وقت " سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میجر فرحت نواز نے  تعلیم برن ہال سکول اینڈ کالج ابیٹ آباد اور کیڈٹ کالج حسن ابدال سے حا صل کی۔فوج جوائن کرنے کی خواہش ان کی اپنی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ میجر فرحت نواز کو وطن عزیز پاکستان اور فوج سے عشق کی حد تک لگا ہے۔میرا ابھی ان سے رابطہ نہیں ہوا ہے لیکن میں نے جب سے یہ خبر سنی ہے میرا سر فخر سے بلند ہو گیاہے بل کہ پورا علاقہ میجر فرحت نواز پر فخر کر رہا ہے۔اس موقع پر ملک سعید نواز نے وطن عزیز پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور حفاظت کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔

ای پیپر دی نیشن