لاہور(کامرس رپورٹر) آرگینک خوراک، مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے چین سے جوائنٹ ونچر کی تجویز پیش کرتے کہا ہے کہ حکومت آرگینک خوراک ، مصنوعات اور جڑی بوٹیوں کو برآمدی تناظر میں غیر معمولی اہمیت دیتے ہوئے سی پیک کے تحت زرعی منصوبوںمیں شامل کرنے کیلئے بھی پیشرفت کرے ،چینی ماہرین کیساتھ معلومات کے تبادلے کیلئے دونوں ممالک کے زرعی ماہرین کی مشترکہ ورکنگ گروپس تشکیل دئیے جائیں۔ انہوںنے کہا کہ دنیا میں آرگینک خورا ک اور مصنوعات کا رجحان تیزی سے فروغ پارہا ہے ،ہمیں عالمی منڈیوں میں برآمدات کے ذریعے اپناحصہ لینے کیلئے منصوبہ بندی کرنی چاہیے ، ہمیں بین الاقوامی معیار کی لیبارٹریاں قائم کرنا ہوں گی جو تجزیہ کر کے برآمدی سرٹیفکیٹ جاری کریں،یہ منصوبہ پاکستان کی برآمدات کیلئے سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ تمام صوبوں میں آرگینک زراعت کی کاشتکاری کی تربیت کیلئے کسان دوست پروگرام شروع کئے جائیں، کسانوں کیلئے مقامی سطح پر تربیتی ورکشاپس ، خصوصی قرضہ سکیمیں متعارف کرائی جائیں تو پاکستان نا صرف آرگینک خوراک کی پیداوار میں خود کفیل ہو سکتا ہے بلکہ قیمتی زرِ مبادلہ بھی حاصل کر سکتا ہے۔