نیویارک (نوائے وقت رپورٹ) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ہش منی کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ نیویارک کی فوجداری عدالت کے جسٹس جوآن مرچن نے پورن اداکارہ کو پیسے دیکر چھپانے کا جرم ٹرمپ کے ریکارڈ میں شامل کرنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ ٹرمپ نے اداکارہ کو پیسے دیئے لیکن ریکارڈ ظاہر نہیں کیا۔ امریکی عدالت نے کہا کہ ٹرمپ ہش منی کیس میں مجرم ہیں تاہم ٹرمپ کو جیل میں قید نہیں کیا جائے گا نہ ان پر کوئی جرمانہ ہوگا۔ ٹرمپ عدالت میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے۔ علاوہ ازیں نومنتخب امریکی صدر ٹرمپ نے ہش منی کیس کے فیصلے پر ردعمل میں کہا ہے کہ یہ ایک بدترین تجربہ ہے۔ نیویارک اور یہاں کی عدالت کے لئے یہ ایک بڑا سیٹ بیک ہے۔ میں معصوم ہوں۔ میں نے کچھ غلط نہیں کیا۔