لاہور(نیوز رپورٹر)واپڈا ایمپلائیز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لاہور کی منیجنگ کمیٹی کے نو منتخب عہدہ داروں کی حلف برداری کیلئے واپڈا ہاؤس لاہور میں تقریب منعقدکی گئی۔ چیئرمین واپڈا، صدر واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب حلف برداری کا انعقاد منیجنگ کمیٹی کے نئے منتخب ہونیوالے اراکین کو ذمہ داریاں سونپنے کیلئے کیا گیا۔ چیئرمین واپڈا نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا اور انہیں واپڈا ایمپلائز کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی مینجمنٹ کمیٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی۔ چیئرمین واپڈا تاکید کی کہ منیجنگ کمیٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کرائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ منیجنگ کمیٹی، شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے سوسائٹی کے مکینوں کے مسائل حل کرنے کیلئے پوری دیانتداری اور دل جمعی سے فرائض انجام دے گی۔ انہوں نے نو منتخب ارکین کو تاکید کی کہ وہ سوسائٹی کے رہائشیوں کو بہترین شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن طریقہ اختیار کرنے پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔ واپڈا اتھارٹی نے ہاؤسنگ سوسائٹی کے قیام میں حائل رکاوٹیں دور کرلی ہیں اور اس سلسلے میں مینجمنٹ کمیٹی کو بھرپور معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔