لاہور(سپورٹس رپورٹر) ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے دورے کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے پاکستان شاہینز کے خلاف تین روزہ وارم اپ کے پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 74اوورز کی بیٹنگ میں 7 وکٹوں پر273 رنز بنالئے۔ یہ وارم میچ نان فرسٹ کلاس میچ ہے۔اسلام آباد کلب میں کھیلے جارہے پریکٹس میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان کریگ بریتھ ویٹ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ مہمان ٹیم کی اننگز کی خاص بات الیک ایتھاناز کی عمدہ بیٹنگ تھی جنہوں نے پندرہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 99 رنز بنائے اور نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔کپتان کریگ براتھ ویٹ اور میکائل لوئس نے34‘34 رنز کی اننگز کھیلی۔کیسی کارٹی 22‘کیوم ہوج17‘جسٹن گریوز 5‘ٹیون املیچ13رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ امیر جنگو 29اور جوشوا ڈی سلوا11رنز پر کھیل رہے ہیں ۔ پاکستان شاہینز کی طرف سے رمیز جونیئر نے 40 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ احمد صفی عبداللہ نے دو اور حسین طلعت نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ایک کھلاڑی رن آئوٹ ہوا۔ پاکستان شاہینز کے کھلاڑی علی زریاب فیلڈنگ کے دوران گیند لگنے سے زخمی ہوگئے، سٹریچر پرگرائونڈ سے باہر لے جایا گیا۔پی سی بی کی میڈیکل ٹیم ان کا معائنہ کریگی ۔