لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ نگران حکومت کی اولین ذمہ داری عام انتخابات کا شفاف، غیر جانبدار اور پرامن انعقاد یقینی بنانا ہے۔ عام انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کےلئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ تقرر و تبادلوں کے حوالے سے کوئی دباﺅ نہیں ہے۔ پنجاب میں تقرر اور تبادلے الیکشن کمشن کے احکامات کی روشنی میں کئے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کو فری ہینڈ دیا ہے۔ پورا یقین ہے کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ وہ ایوان وزیراعلیٰ میں اے پی این ایس اور سی پی این ای کے عہدیداروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ وزےراعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں کو سکیورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ صرف25فیصد سکیورٹی عملہ واپس بلایا گیا ہے۔ انتخابی جلسے جلوسوں کو بھی ہرممکن سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انتخابی جلسوں کےلئے بلٹ پروف روسٹر اور جیمرز خریدے جا رہے ہیں۔ وزےراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بسنت منانے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا تاہم مخصوص پارکوں اور کھلے مقامات میں محدود پتنگ بازی کی اجازت دینے کا جائزہ لیا جا سکتا ہے اور اس بارے حتمی فیصلہ کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ سول سروسز اکیڈمی کی تقریب سے خطاب میں نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بیوروکریسی کو ریاست کے معاملات اور انتظامی امور چلانے میں بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ غیر جانبدار بیوروکریسی کسی بھی ملک کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ سرکاری افسران عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، اپنے دفاتر کے دروازے عوام کیلئے کھلے رکھیں اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں تاکہ دکھی انسانیت کی خدمت ہوسکے۔ ائیرکنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر عوامی خدمت کے تقاضے پورے نہیں کئے جا سکتے، اس لئے افسران کو عوام کے مسائل کے حل اور ان کی تکالیف کے ازالے کیلئے فیلڈ میں جانا چاہئے۔ علاوہ ازیں نجم سیٹھی نے سرکاری ہسپتالوں میں مر یضوں کی سہولت کے لئے پرچی کی جگہ کمپیوٹرائزڈ ٹوکن سسٹم رائج کرنے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے ملاقات کی۔ اس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی۔
نجم سیٹھی