قصور (نمائندہ نوائے وقت) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) پنجاب نے معاشرے کے کمزور طبقات کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے جرائم پیشہ افراد کے گھیرا تنگ کر دیا ہے تاکہ کمزور اور محکوم طبقات کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے ایڈیشنل آئی جی کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ سہیل ظفر چٹھہ نے افسروں کو ہدایت کی ہے کہ تھانوں میں عرصہ دراز سے زیر التواء کیسز کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور انکو جلد سے جلد نمٹایا جائے۔ ان ہدایات کی روشنی میں چند روز قبل ننکانہ سے تعلق رکھنے والی ماں اور بیٹی کے لاپتہ ہونے کا کیس کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو دیا گیا۔ جس پر ماں بیٹی کو قتل کرنے والے 3 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقات کے حقوق کی پاسداری سی سی ڈی کا فرض اولین ہے۔ اور ہم کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔