راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)فوکل پرسن وزیر اعلی پنجاب برائے پولیو عظمیٰ کاردار نے پولیو مہم کے جائزے کے لیے راولپنڈی کا دورہ کیا۔ دفتر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر وہ راولپنڈی آئی ہیں تاکہ انسداد پولیو مہم کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ 3 فروری سے شروع ہونے والی پولیو مہم میں اب تک 96 فیصد ہدف حاصل کیا جا چکا ہے۔ مہم کے دوران مجموعی طور پر 7,92,883 بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جس میں سے 7,63,262 بچوں کو ویکسین دی جا چکی ہے۔عظمی کاردار نے مزید بتایا کہ راولپنڈی کی 212 یونین کونسلز میں پولیو مہم جاری ہے اور اب تک 2,55,631 بچوں کو ان کے گھروں میں جا کر ویکسین دی جا چکی ہے۔پولیو مہم میں 245 یو سی ایم اوز، 3,717 موبائل ٹیمیں، 163 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 4,210 ٹیمیں اور 9,205 ہیلتھ ورکرز مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ڈی سی آفس راولپنڈی میں منعقدہ اجلاس کے دوران پولیو چیئرپرسن کو انسداد پولیو مہم کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راولپنڈی ڈاکٹر حسان طارق، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ارباز خان اور ڈی ایچ او ڈاکٹر احسان بھی موجود تھے۔عظمیٰ کاردار نے والدین سے بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سال کی دوسری پولیو مہم 14 اپریل سے شروع ہو گی۔انہوں نے پولیو ٹیموں کی محنت اور والدین کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب کی مشترکہ کاوشوں سے پولیو کے خلاف مہم میں کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے ہر بچے کو پولیو ویکسین پلانا انتہائی ضروری ہے۔