لاہور(خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے بدترین حالات کے باوجود کامیابی پر تحریک انصاف کو مبارکباد دی ہے۔ منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اداروں اور عدالتوں کے برعکس عوامی فیصلہ تحریک انصاف کے حق میں آ چکا ہے جس کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اندرون سندھ کے دور دراز علاقوں کے نتائج آتے رہے تاہم کراچی کے رزلٹ کو روک کر ایم کی ایم کو نوازنے کی پرانی تاریخ دہرائی گئی۔ چیف الیکشن کمیشن کو فون سروس بحال کروانی چاہیے تھی یا پھر استعفیٰ دینا چاہیے تھا لیکن وہ تاحال ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے منصب پر موجود ہیں۔