سی ڈی اے ملازمین کو بہترین صحت سہولیات فراہم کرنے کیلئے پر عزم، محمد علی رندھاوا

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) کیپیٹل ہسپتال سی ڈی اے نے دوسری پاکستان اوبیسٹی ویک کا اہتمام کیا۔ جس کے دوران ملک میں پہلی روبوٹک بیریاٹرک سرجری ورکشاپ کا انعقاد ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا۔ اس تاریخی تقریب کا افتتاح چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ممبر ایڈمن طلعت محمود اور ممبر اسٹیٹ اسفندیار بلوچ نے کیاچیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کے شہریوں اور سی ڈی اے کے ملازمین کو بہتر سے بہترین صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ جس دن ڈاکٹر نعیم تاج سی ڈی اے ہسپتال میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر شامل ہوئے میں نے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ میں سی ڈی اے کو روبوٹک بیریاٹرک سرجری کے افتتاح کے موقع پر مبارکباد دیتا ہوں، جو پاکستان میں پہلی بار ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں سی ڈی اے ہسپتال کو جو ترقی ملی ہے، وہ سی ڈی اے ہسپتال کی تاریخ میں ایک اہم کارنامہ اور سنگ میل ثابت ہوگی، خاص طور پر اس دور میں جب ہمارے اردگرد بہت سے سرکاری اور نجی ہسپتال موجود ہیں۔ سی ڈی اے ہسپتال نہ صرف مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین خدمات کو برقرار رکھے ہوئے ہے بلکہ طبی سہولیات کے معیار کو بھی بلند اور بہتر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاہم مزید بہتری کیلئے ہمیشہ گنجائش موجود ہوتی ہے، ہم اپنی پیشہ ور اور انتہائی پر عزم ٹیم کے ساتھ ملکر سی ڈی اے کے ملازمین اور اسلام آباد کے شہریوں کو جدید ترین صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے دن رات کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سی ڈی اے ہسپتال کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا، جنہوں نے ہسپتال میں پہلی روبوٹک بیریاٹرک سرجری متعارف کرائی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سی ڈی اے ہسپتال کے مختلف وارڈز بشمول سی سی یو اور آئی سی یو کا دورہ کیا اور مریضوں کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ 

ای پیپر دی نیشن