اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اسلام آباد میں کمپٹیشن لاء سے متعلق ایک سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور صارفین کی بہبود کے لیے کمپٹیشن قوانین کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ کمپٹیشن کمیشن وفد کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل ایڈوکیسی احمد قادر نے کی۔ وفد میں سینیئر ڈائریکٹر و سربراہ شعبہ کارٹیل اینڈ ٹریڈ ابیوز سلمان ظفر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مرجرز اینڈ ایکویزیشنز نعمان احمد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفس آف فیئر ٹریڈ امین اکبر بھی شامل تھے۔ سیشن میں ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ، نائب صدر کے علاوہ چیمبر ممبران نے بھی شرکت کی۔ایف پی سی سی آئی کی جانب سے صدر عاطف اکرام شیخ، نائب صدر طارق جدون، چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کریم عزیز ملک ، چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین کے علاوہ مختلف شعبوں اور تجارتی تنظیموں سے وابستہ چیمبر ارکان نے سیشن میں شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل احمد قادر نے سیشن کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ کمپٹیشن کمیشن آزادانہ تجارت اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے نہایت اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے مارکیٹ میں منصفانہ مقابلے کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔