ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری سے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر زرداری نے وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک کو چیئرمین سینٹ نامزد کیا۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اس سے قبل صدر کی زیر صدارت ہونے والے اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔ فاروق ایچ نائیک کو پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ق، اے این پی، جے یو آئی(ف) فاٹا، جمہوری وطن پارٹی، مسلم لیگ فنکشنل، بی این پی (عوامی) کے سنیٹرز کی حمایت حاصل ہو گی۔ ذرائع کے مطابق سینٹ کے قائد ایوان سنیٹر رضا ربانی نے اپنا استعفیٰ پیش کر دیا ہے وہ بھی اس عہدے کے خواہشمند تھے، اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے دوران رضا ربانی نے فاروق ایچ نائیک کی نامزدگی کے فیصلے پر شدید احتجاج کیا اور مستعفی ہو گئے۔ ڈپٹی سپیکر شپ مسلم لیگ قاف کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس عہدے کے لئے امیدوار کی نامزدگی بھی مسلم لیگ قاف ہی کرے گی۔ ڈپٹی چیئرمین کے لئے بلوچستان سے دوبارہ جان محمد جمالی کی نامزدگی متوقع ہے۔