لندن+ اسلام آباد (عارف چودھری+ خبر نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) برطانوی اخبار ڈیل میل نے وزیراعظم شہباز شریف سے معافی مانگ لی۔ خیال رہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے 14 جولائی 2019ء کو ایک آرٹیکل میں الزام لگایا تھا کہ شریف خاندان نے زلزلہ زدگان کے فنڈز میں چوری کی۔ ڈیلی میل کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے شہباز شریف کے متعلق تحقیقات کی اطلاع دی گئی تھی، قومی احتساب بیورو نے کہا تھا کہ چوری ہونے والی رقم میں ڈی ایف آئی ڈی کی زلزلہ زدگان کیلئے دی گئی گرانٹ بھی شامل تھی۔ اب برطانوی اخبار نے وزیراعظم سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں وضاحت پر خوشی ہے، قبول کرتے ہیں کہ شہباز شریف اور ان کے داماد علی عمران نے کوئی غلط کام نہیں کیا، تمام الزامات جھوٹے ہیں اور ہم اس چیز پر شہباز شریف اور انکے داماد سے معذرت خواہ ہیں، برطانوی عوام کے پیسے یا ڈی ایف آئی ڈی گرانٹ میں خورد برد کا شہباز شریف پر الزام نہیں لگا۔ واضح رہے مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف نے خبر پر لندن کی عدالت میں ڈیلی میل کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا تھا۔ لندن سے عارف چودھری کے مطابق شہباز شریف نے موقف اپنایا تھا کہ مضمون سے ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔ 11 نومبر 2022ء کو عدالت نے موقف اپنایا تھا کہ اس مقدمے میں ڈیلی میل 9 بار عدالت سے تاریخ لے چکا ہے۔ عدالت نے شہباز شریف کو مزید وقت دینے سے انکار کرتے ہوئے حکم امتناعی کی درخواست کو خارج کر دیا تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ڈیلی میل نے شہباز شریف کے خلاف لکھے گئے آرٹیکل کو بھی اپنی ویب سائٹ سے ہٹانا شروع کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ صحافی کی خبریں بھی ویب سائٹس سے ہٹائی جاری ہیں۔ اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ڈیلی میل کی جانب سے معافی، الحمدللہ! ایک اور بدنیتی پر مبنی پراپیگنڈا بے نقاب ہوچکا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف انٹرنیشنل صادق و امین ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق ڈیلی میل نے صحافی ڈیوڈ روز کی خبر ویب سائٹ سے ہٹا دی اور معافی نامہ ویب سائٹ پر لگا دیا۔ لکھا کہ غلطی ہو گئی معاف کر دیں۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیلی میل کی طرف سے معافی مانگنے پر ردعمل میں کہا ہے کہ سرخرو ہونے پر اﷲ کے حضور عاجزی کے ساتھ سر جھکاتا ہوں۔ تین سال تک عمران خان اور اس کے ساتھی میری کردار کشی کیلئے ہر حد تک گئے۔ گھناؤنی مہم میں انہوں نے ملک کی بدنامی کی پرواہ نہیں کی۔ انہوں نے دوست ملکوں سے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی بھی پرواہ نہ کی اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے میرا اور میرے خاندان کا مذاق اڑایا۔ اﷲ پر غیر متزلزل ایمان تھا کیونکہ صرف وہی ان کے جھوٹ کو بے نقاب کر سکتا ہے۔ اسلام آباد سے خبرنگار خصوصی کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈیلی میل کی معذرت مخالفین کے منہ پر طمانچہ ہے، شہباز شریف پر کسی قسم کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، معافی ڈیلی میل کو نہیں عمران خان اور شہزاد اکبر کو مانگنی چاہئے جنہوں نے ڈیوڈ روز کو پہلو میں بٹھا کر شہباز شریف کے خلاف سازش کی۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈیلی میل کی معافی سے صرف شہباز شریف نہیں بلکہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام سرخرو ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 2018ء میں اقتدار میں آنے کے بعد سیاسی عدم استحکام پیدا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نیب کا ریفرنس ڈیلی میل والوں کے حوالے کیا تھا، یہ کہتے تھے شہباز شریف زلزلہ زدگان کے پیسے کھا گئے، ڈیلی میل نے جو الزامات لگائے گئے اس پر یہ عدالت میں ثبوت پیش نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے مسلم لیگ (ن) کے تمام قائدین کرپشن کے جھوٹے الزامات میں سرخرو ہو رہے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا ثابت ہو گیا غلط معلومات اور جعلی خبروں کی مدت محدود اور سچائی حتمی فاتح ہے۔