امریکا، کھانے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے انسانی زندگی پر مضر اثرات

امریکی محققین کا کہنا ہے کہ کھانے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے انسانی زندگی پر مضر اثرات پڑتے ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ نے امریکی یونیورسٹی آف ساوتھ جارجیا میں کی جانے والی نئی تحقیق کے حوالے سے کہاہے کہ جو افراد اپنے کھانے کی تصاویر بناتے ہیں وہ لاشعوری طور پر زیادہ بھوک کا شکار ہو جاتے ہیں، ان کے اندر ایک کے بعد دوسری خوراک کی طلب زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ اس حوالے سے ایک سروے میں بتایا گیا کہ 80 اور 90 کی دہائی میں پیدا ہونے والے باقاعدگی سے ہوٹلنگ کے موقع پر کھانا شروع کرنے سے قبل تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ماضی میں کی گئی تحقیقات میں کہا گیا تھا کہ سوشل میڈیا پرکھانے کی تصاویر شیئر کرنے کے کافی فوائد ہیں، اس کی وضاحت کرتے ہوئے ماہرین کا کہنا تھا کہ کھانے کی تصاویر بنانے اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے سے دماغ کھانے کے حوالے سے ایک نکتے پر یکسو ہوتا ہے جس سے لاشعوری طور پر کھانے کی خوشبو دماغ میں بس جاتی ہے۔ تاہم اب پرانی تحقیق کے برعکس نئی تحقیق میں کہا گیا کہ کھانے کی تصاویر بنانا اور انہیں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرناانسان کی بھوک بڑھا دیتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن