لاہو ر(خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں گردوارہ پر پیش آنیوالے افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق واقعہ میں ایک معزز گرانتھی سنگھ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئے۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم نے منصورہ سے جاری بیان میں کہا یہ نہایت افسوسناک اور شرمناک ہے کہ بھارتی میڈیا نے بغیر کسی تحقیق اور ثبوت کے اس المناک واقعے کا الزام پاکستان پر عائد کرنے کی کوشش کی ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان ان بے بنیاد الزامات کو یکسر مسترد کرتی ہے۔ امیرالعظیم نے مطالبہ کیا کہ اس افسوسناک واقعے کی غیر جانبدار اور بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل حقائق سامنے آئیں۔ہم سمجھتے ہیں کہ کسی بھی گردوارے یا عبادت گاہ کو نقصان پہنچانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے جو اسلامی اقدار کے سراسر منافی ہے۔ حقیقت واضح ہے کہ یہ واقعہ بھارتی سٹیبلشمنٹ کی ایک اور منظم سازش معلوم ہوتا ہے جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا اور پاکستان و عالمی سکھ برادری کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے۔ پاکستان نے زبانی دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات سے مذہبی آزادی اور سکھ،مسلم ہم آہنگی کو فروغ دیا ہے جس کی روشن مثال کرتارپور راہداری کا قیام ہے۔