گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)پاکستان نے بھارت کے بزدلانہ حملے پر بھرپور جوابی کارروائی کر کے ناقابلِ تسخیر قوم ہونے کا ثبوت دیا ہے جس پر پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔ پاکستانی ایک غیور قوم ہے ،وطن عزیز کا ہر شہری جذبہ جہاد اور جذبہ شہادت سے سرشار ہے اور اپنی فوج کیساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے ‘ وقت آنے پر وہ جان دینے سے کبھی دریغ نہیں کریگاان خیالات کا اظہار عالمی مبلغ اسلام اور ادارۃ المصطفیٰ انٹرنیشنل کے امیر اعلیٰ پیرزادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی نے مرکز مصطفیٰ بالمقابل ایجوکیشن بورڈ نزد پنڈی بائیپاس لوہیانوالہ میں نعرئہ تکبیر و رسالت اورپاکستان و پاک فوج زندہ باد کی پُرجوش صدائوں میں ’’طلبہ اسمبلی‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کیلئے بنا ہے کیونکہ اس کی بنیادوں میں لاکھوں شہداء کا خون شامل ہے۔