غیرملکی کرکٹرز پاکستان میں سکیورٹی انتظامات سے مطمئن، پاک فوج ہمارا فخر

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ 10 کا حصہ انگلش کھلاڑی پاکستان میں سکیورٹی کے انتظامات سے مطمئن ہیں ۔بھارت کے بزدلانہ حملے کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن نے صورتحال پر تبادلہ خیال کیلئے ہنگامی اجلاس بلایا۔ زیادہ تر کھلاڑی اس وقت پاکستان میں ہی رہنے کا ارادہ کر رہے ہیں۔ سٹار پلیئرز حفاظتی انتظامات سے ‘مطمئن’ ہیں اور ایونٹ چھوڑنے کی ضرورت محسوس نہیں کر رہے۔انگلینڈ کے 7 کھلاڑی پی ایس ایل 10 کا حصہ ہیں جن میں جیمزونس، ٹام کرن، سیم بلنگز، کرس جارڈن، ڈیوڈولی، لیوک ووڈ اور ٹام کوہلر کیڈمور شامل ہیں۔نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے بڑے قریب سے صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ کھلاڑیوں اور سٹاف کی سکیورٹی کو کسی رسک میں نہیں ڈال سکتے، لیکن ابھی ہم کوئی فیصلہ نہیں کر رہے، فی الحال حالات ٹھیک نظر آ رہے ہیں۔پی ایس ایل میں کین ولیمسن، فن ایلن ،مچل بریسول ،کولن منرو، ڈیرل مچل ،ٹیم سیفرٹ ،مارک چیپ مین اور کائیل جیمسین ہیں۔نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے کہ ان کے پلیئرز ، کوچز اور سٹاف زیادہ اہم ہیں۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، فخر  زمان سمیت کئی کھلاڑیوں نے بھارتی جارحیت پر ردعمل کا اظہار کردیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، جنہوں نے دشمن کیخلاف وطن کا دفاع کیا۔اوپننگ بیٹرفخر زمان نے کہا کہ ہم ایک قوم ہیں۔ عبداللہ شفیق، زمان خان، سابق کرکٹر محمد حفیظ، کامران اکمل‘ عمر اکمل عبدالرئوف ‘عابد علی نے بھی بھارتی جارحیت کیخلاف پاک فوج کے اقدامات کو سراہا اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کی تعریف کی۔ قومی کبڈی ٹیم کے کپتان شفیق چشتی نے کہا کہ ہم اپنی افواج پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں۔ پاک فوج ہمارا فخر ہے۔ریسلر انعام بٹ نے کہا کہ بھارتی حملے کی مزمت پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جس طرح انھوں نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن