اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی کے سنئیر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ کچھ عناصر نے سوشل میڈیا کا سہارا لیکر ملک میں خوف و ہراس اور افراتفری کی سیاست کو فروغ دیا جس کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ خوف و ہراس اور افراتفری ہمیشہ وہ پھیلاتا ہے جو کمزور ہو۔ انہوں نے کہا کہ ائین سپریم ہے اور ائین موجود ہے اور جو بھی غیر آئینی اقدام کا ارتکاب کرے اسے سزا ملنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اَئین و قانون سے ماورا اقدام کی قیمت ملک و قوم کو سالہا سال تک ادا کرنی پڑتی ہے اس لئے ائین اور قانون شکنی کے مرتکب ہر شخص کو سزا ملنی چاہئے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ کئی برسوں بعد ملک دوبارہ سیاسی اور معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہے اور اس سیاسی اور معاشی استحکام کی راہ میں کسی رکاوٹ کوبرداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے عدم استحکام نے ہمیں ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے اور ہم مزید افراتفری اور عدم استحکام کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ انقلاب اپنے ملک اور اداروں کے خلاف نہیں بلکہ نظام کے خلاف آتا ہے اور موجودہ ملکی نظام تبدیلی والے نظام سے بہت بہتر اور پائیدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں وسائل سے محروم طبقات کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیا کیا جائے گا اور معاشرتی بہبود کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے خاطر خواہ وسائل مہیا کئے جائیں گے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ کسانوں کے نقصان کا ازالہ ہماری اولین ترجیحات میں ہونا چاہئے اور کسان کو خوشحال بنائے بغیر ملک کو خوشحال نہیں بنایا جا سکتا۔